چین کے شہر زنگ چنگ کے ریسٹورنٹ میں گیس لیکج دھماکا، 31 ہلاک

شمال مغربی چین کے شہر زنگ چنگ میں ایک ریسٹورنٹ میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں تقریباً 31 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبررساں ادارے کے مطابق یہ دھماکا تین روزہ ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے موقع پر ہوا ہے جب چین میں بہت سے لوگ گھروں سے باہر نکل کر دوستوں سے گھلتے ملتے ہیں۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کی فوٹیج میں ایک درجن سے زائد فائر فائٹرز کو جائے وقوع پر مصروف دیکھا گیا جبکہ ریسٹورنٹ کے ایک سوراخ سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔

ریسٹورنٹ کے اطراف میں موجود سڑک شیشے کے ٹکڑوں اور دیگر ملبے سے بھر گئی جہاں کھانے پینے کی دیگر جگہیں اور تفریحی مقامات بھی موجود ہیں۔

سرکاری خبررساں ایجسنی زنہوا کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کی مقامی کمیٹی نے بتایا کہ لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی لیکیج باربی کیو ریسٹورنٹ میں دھماکے کا سبب بنی۔

حادثے میں زخمی ہونے والے 7 افراد زیرعلاج ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، 2 دیگر افراد شدید جھلس گئے ہیں، 2 کو معمولی چوٹیں آئیں اور 2 کو اڑتے ہوئے شیشے کی وجہ سے خراشیں آئیں۔

یہ دھماکا گزشتہ روز رات تقریباً 8 بج کر 40 منٹ پر چین کے شامل مغربی علاقے ننگزیا کے دارالحکومت ینچوان کے ایک رہائشی علاقے میں واقع فویانگ باربی کیو ریسٹورنٹ میں ہوا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے زخمیوں کے علاج کے لیے ہرممکن کوششیں کرنے کی ہدایت دی اور اہم صنعتوں اور شعبوں میں پائیدار حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کی جان و مال کو مؤثر طریقے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقامی فائر اینڈ ریسکیو سروسز نے دھماکے کے بعد 100 سے زائد افراد اور 20 گاڑیوں کا جائے وقوع سے انخلا کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کہ امدادی سرگرمیاں آج صبح 4 بجے تک مکمل ہو چکی تھیں، مقامی حکام نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ریسکیو کی ہر ممکن کوششیں کی جائیں، زخمیوں کا مناسب علاج کیا جائے اور ہرممکن کوشش کی جائے کہ ہلاکتوں کی تعداد کم سے کم رہے۔

واضح رہے کہ چین میں اس نوعیت کے دھماکے اور دیگر جان لیوا واقعات نسبتاً عام ہیں، جہاں تعمیرات کے قوانین ناقص طریقے سے نافذ کیے جاتے ہیں اور وسیع پیمانے پر ناجائز تعمیرات لوگوں کے لیے عمارت میں آگ لگنے کی صورت میں وہاں سے بھاگنا مشکل بنا دیتی ہیں۔

رواں ماہ شمالی چین کے شہر تیانجن میں رہائشی عمارتوں میں آتش بازی کے باعث ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

گزشتہ برس ستمبر میں شمال مشرقی شہر چینگچون کے ایک ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

جنوری 2022 میں ایک مبینہ گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکے کے سبب چونگ کنگ شہر میں ایک عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جون 2021 میں صوبہ ہوبی کے علاقے شیان میں ایک رہائشی کمپاؤنڈ میں ہونے والے گیس دھماکے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Exit mobile version