پیپلزپارٹی چیئرمین پی سی بی کیلئے ذکا اشرف کے نام پر ڈٹ گئی، نجم سیٹھی کی زرداری سے ملاقات کی کوشش ناکام
نجم سیٹھی کی آصف زرداری سے ملاقات کی کوشش ناکام ،پیپلز پارٹی پی سی بی چیئرمین کے لئے ذکاء اشرف کے نام پر ڈٹ گئی۔پیپلزپارٹی کے وزیر برائے بین الصوبائی کوآرڈینیشن احسان مزادری نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف ہی ہونگے، نجم سیٹھی کی بطور ممکنہ چیئرمین پی سی بی کے حوالے سے جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔
احسان مزاری نے کہا کہ وزارت بین الصوبائی کوآرڈینیشن پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخاب کئے گئے نام کے ساتھ کھڑی ہے، ہم نے ایک مہینہ پہلے سمری وزیراعظم ہاؤس بھجوا دی تھی۔واضح رہے کہ نجم سیٹھی ایڈہاک کمیٹی کو ہیڈ کر رہے ہیں اور ایڈہاک کمیٹی کی مدت رواں ماہ ختم ہورہی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو آصف زرداری سے ملاقات کرنے اور انہیں قائل کرنے کا ٹاسک دیا مگر آصف زرادری کی جانب سے نجم سیٹھی کو تاحال ملاقات کے لئے وقت نہیں دیا جارہا۔