سہولت دیے بغیر ملک میں سرمایہ کاری نہیں بڑھائی جاسکتی، محمد اظفر احسن

نٹ شیل گروپ کے بانی اور سی ای او محمد اظفر احسن نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان کے سب سے بڑے کارپوریٹ ایونٹ لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ 2023 (ایل آئی بی ایس 2023) کے چھٹے ایڈیشن  کے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ہر پاکستانی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی گنجائش ہے۔ سہولت دیے بغیر ملک میں سرمایہ کاری نہیں بڑھائی جاسکتی۔ ملک کو طویل مدتی سرمایہ کاری، صحت، ماحولیات، تعلیم، عدلیہ، اور بیوکریسی کی تنظیم نو کرنا ہوگی۔چیئرمین مارٹن ڈاؤ گروپ علی اکھائی کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے دور میں رہ رہے ہیں جس میں بہت سے مواقع ہیں۔ ایلون مسک نے اپنی سوچ سے الیکٹرک وہیکل کے ذریعے آٹو انڈسٹری کو تبدیل کیا۔ سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد محمد بن سلمان نے وژن 2030 نے دنیا کو حیران کردیا ہے۔ محمد بن سلمان کا نیوم شہر کا منصوبہ مستقبل کے شہروں کی عکاسی کررہا ہے، جس کے اثرات سعودی سے نکل کر دنیا بھر میں پھیل رہے ہیں۔ صدر اور سی ای او اینگرو پاکستان غیاث خان نے کہا کہ سرمایہ کار پالیسی فقدان کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے کتراتے ہیں۔ پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں جس کا حل نکالنا ہوگا۔ ہمیں تھرکول منصوبے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیے تاکہ قیمتوں میں کمی واقع ہو۔ فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا کہ پاکستان میں سودی لین دین کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد ہورہا ہے۔ اسلامی بینکاری ایک مکمل اور جامع مالیاتی نظام ہے، جو مذہبی بنیاد پر قائم نہیں بلکہ اس پر اسکالرز اور ریگولیٹری باڈیز نے بہت کام کیا ہے۔ اسلامی بینکاری میں عالمی سطح پر مروجہ اخلاقی اقدار، مارکیٹ طریقہ کار کے مطابق معاشی لین دین ہو، شفافیت اور سماجی ذمہ داری کا خیال رکھا جاتا ہے۔

Exit mobile version