یہ سارا گند پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی وجہ سے ہے، سراج الحق
میر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہیدوں نے جس پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں آج کس کی وجہ سے بدامنی ہے، جس پاکستان پر کرنل شیر خان جیسے بہادر سپاہی قربان ہوئے آج وہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے بدامنی کا شکار ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و انصاف نہیں ہے، پاکستان میں بے روزگاری عام ہے، 11 کروڑ لوگ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، 7 کروڑ نوجوان بے روزگار ہیں، آج عدالتوں میں انصاف نہیں، تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن نہیں ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج یہ سب پارٹیاں بدلنے والے ٹولے کی وجہ سے ہے، پارٹیاں بدلنے والا ٹولہ کبھی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) تو کبھی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی صورت میں ملک پر مسلط ہوا، ان لوگوں نے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام لگانے سے ملک ترقی نہیں کرے گا، پی ٹی آئی کہتی رہی ہم مسلم لیگ کا گند صاف کرتے رہے، اب پی ڈی ایم کہتی ہے ہم پی ٹی آئی کا گند صاف کر رہے ہیں، یہ سارا گند ان پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی وجہ سے ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی ملک کی ترقی کیلئے نہیں ہے، ان سب وزیروں کی لڑائی اپنے مفادات کے لیے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ مجھے کہتے ہیں آپ کے پاس بلٹ پروف گاڑی کیوں نہیں تو میں کہتا ہوں ملک کے 22 کروڑ عوام غیر محفوظ ہیں ، ہم بلٹ پروف گاڑی میں کیسے سفر کر سکتے ہیں، سب مسائل کا حل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں سیاسی مردہ لاشیں شہباز شریف، زرداری اور عمران خان کی صورت کیوں میں ملک پر بار بار مسلط کرتے ہو، آپ کب تک مصنوعی آکسیجن کے زریعے ان سیاسی مردہ لاشوں کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں، میں کہنا چاہتا ہوں سپریم کورٹ اور اسٹیبلشمنٹ ان لوگوں کا ساتھ بند کریں، عوام کو شفاف انتخابات کے ذریعے اختیار دیا جائے تاکہ وہ اپنی نمائندہ حکومت لے کر آئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو ختم کرنے والوں سے کہتا ہوں آپ اس ملک کو ختم نہیں کر سکتے، ہم اس ملک کی ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔