سپریم کورٹ کا عمران خان کو ایک گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نیب اس ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا چکا ہے، ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ درخواست پر سماعت کررہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں شامل سینئر وکیل حامد خان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان ایک کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ آئے تھے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں کس کیس میں پیش ہوئے تھے؟

حامد خان نے بتایا کہ عمران خان بائیو میٹرک کے لیے موجودہ تھے جب ان پر دھاوا بولا گیا، رینجرز نے عمران خان کے ساتھ بد سلوکی کی اور پر تشدد طریقے سے انہیں گرفتار کرلیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی ریکارڈ کے مطابق ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر ہوئی لیکن سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی، جو مقدمہ مقرر تھا وہ بھی دیکھ لیتے ہیں۔

وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک کے بغیر درخواست دائر نہیں ہوسکتی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہی بات ہے کہ عمران خان عدالت کے احاطہ میں داخل ہوچکے تھے، کسی کوانصاف کے حق سے کیسے محروم رکھا جاسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کا احترام ہوتا ہے، کورٹ کی پارکنگ سے نیب نے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا، عدالت نے اس گرفتاری کو واپس کروایا تھا جس کے بعد نیب نے یقین دہانی کرائی تھی کہ احاطہ عدالت سےگرفتاری نہیں کریں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنے لوگوں نے عمران خان کو گرفتار کیا؟ وکیل عمران خان نے بتایا کہ 80 سے 90 افراد نے گرفتار کیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 90 رینجرز اہلکار احاطہ عدالت میں داخل ہوئے تو عدالت کی کیا توقیررہی؟ کسی بھی فرد کو احاطہ عدالت سے کیسے گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ماضی میں عدالت میں توڑ پھوڑ کرنے پر وکلا کے خلاف کارروائی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی فرد نے عدالت کےسامنے سرنڈر کردیا تو اس کو گرفتار کرنے کا کیا مطلب ہے؟ کوئی شخص بھی آئندہ انصاف کے لیے خود کو عدالت میں محفوظ تصور نہیں کرے گا، گرفتاری سے قبل رجسٹرار سے اجازت لینی چاہیے تھی۔

وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ عمران خان کی گرفتاری کے وقت عدالتی عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وارنٹ کی قانونی حیثیت نہیں اس کی تعمیل کا جائزہ لیں گے، عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے کے عمل کو سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا۔

وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان پر حملہ ہوا، ان سے سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی اٹارنی جنرل آف پاکستان کو طلب کرتے ہیں، وارنٹ کی تعمیل کیسے ہوئی سب سے اہم ہے، ہر کسی کو عدالت کے اندر تحفظ ملنا چاہیے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ نیب نے تو ہین عدالت کی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہر کوئی چاہتا ہے دوسرا قانون پر عمل کرے، یہ عدالتوں کے احترام کا طریقہ کار نہیں۔

وکیل حامد خان نے استدعا کی کہ تفتیشی افسر کی موجودگی میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے دریافت کیا کہ کیا وارنٹ گرفتاری چیلنج کیے گئے تھے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ گرفتاری کے بعد معلوم ہوا کہ یکم مئی کو وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اس وقت ہم گرفتاری کے طریقہ کار اور عدالت کی بے توقیری سے متعلق معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سیکریٹری داخلہ نے بتایا وارنٹ ابھی تک عملدرآمد کے لیے انہیں موصول نہیں ہوئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سیاسی قیادت کی عدالتی پیشی پر بھی اچھے عمل کی توقع ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گرفتاری کے بعد جو کچھ ہوا اسے رکنا چاہیے تھا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ غیرقانونی اقدام سےنظرچرائی جاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا فیصلہ دینا چاہیے جن کا اطلاق سبھی پر ہو، انصاف تک رسائی ہر ملزم کا حق ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آج میانوالی کی ضلعی عدلیہ پر حملہ ہوا ہے، معلوم کریں یہ حملہ کس نے کیا ہے؟ ضلعی عدالیہ پر حملے کا سن کر بہت تکلیف ہوئی۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ عمران خان کو گھر یا عدالت کے باہر سے گرفتار کیا جاتا تو یہاں نہ ہوتے، ان کے ساتھ کوئی کارکن یا جتھہ عدالت میں نہیں تھا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا نیب نوٹسزکا جواب بھجوایا گیا تھا۔

وکیل نے بتایا کہ نیب نوٹس کا جواب دیا گیا تھا، قانون کے مطابق انکوائری کی سطح پرگرفتاری نہیں ہوسکتی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل عمران خان سے دریافت کیا کہ آپ سپریم کورٹ سے کیا چاہتے ہیں؟ جس پر حامد خان نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ جو چاہتے ہیں اس کا اطلاق ہر شہری پر ہوگا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب نے منتخب عوامی نمائندوں کو تضحیک سے گرفتار کیا، یہ طریقہ کار بند کرنا ہوگا، عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے عمل کو سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد رپورٹ ملزم کو دینا لازمی ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان شامل تفتیش ہوئے تھے؟

وکیل نے بتایا کہ عمران خان نے نوٹس کا جواب نیب کو ارسال کیا تھا لہٰذا نیب کا جاری کردہ وارنٹ غیرقانونی تھا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب کے وارنٹ جاری کرنے کا نہیں بلکہ وارنٹ پر تعمیل کروانے کا طریقہ اصل معاملہ ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ نیب وارنٹ تو عمران خان نے چیلنج ہی نہیں کیے، عمران خان نیب میں شامل تفیش کیوں نہیں ہوئے؟ کیا نیب نوٹس میں ذاتی حثیت میں پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ قانون پر عمل کی بات نیب کرتا ہے، خود نہیں کرتا، نیب کی خواہش ہے کہ دوسرے قانون پر عمل کرے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ واضح رہے کہ عمران خان نے نیب نوٹس پر عمل نہیں کیا تھا، نیب نوٹس کا مطلب ہوتا ہے کہ بندہ ملزم تصور ہوگا، کئی لوگ نیب نوٹس پر بھی ضمانت کروالیتے ہیں، مارچ کے نوٹس کا جواب مئی میں دیا گیا، کیا عمران خان نے قانون نہیں توڑا؟

وکیل عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو صرف ایک ہی نوٹس موصول ہوا تھا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ک جسٹسس محمد علی مظہر قانون پر عملدرآمد کی بات کررہے ہیں، اصل معاملہ انصاف کے حق تک رسائی کا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب نے کوئی سبق نہیں سیکھا، نیب پر سیاسی انجنیرنگ سمیت کئی کاموں کا الزام لگتا ہے، کیا نیب نے رجسٹرار کی اجازت لی تھی؟

پراسیکیوٹر جنرل نیب اصغر حیدر نے کہا کہ عدلیہ کا بہت احترام کرتے ہیں، نیب وارنٹس کی تعمیل کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا، انہوں نے عملدرآمد کروایا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے دریافت کیا کہ کیا عدالتی کمرے میں عملدرآمد وزارت داخلہ نے کیا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ مجھے حقائق معلوم نہیں، آج ڈیڑھ بجے ہی تعینات ہوا ہوں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ وارنٹ کی تعمیل کوئی نجی شخص بھی کروا سکتا ہے، وارنٹ خود بھی اپنے وارنٹس پر عملدرآمد کرواتا رہتا ہے، کیا نیب نے عدالت کے اندر گرفتار کا کہا تھا؟ عمران خان کو کتنے نوٹس جاری کیے تھے؟

پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا کہ عمران خان کو صرف ایک نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بظاہر نیب کے وارنٹ قانون کے مطابق نہیں، کیا وارنٹ جاری ہونے کے بعد گرفتاری کی کوشش کی گئی؟

چیف جسٹس نے کہا کہ یکم کو وارنٹ جاری ہوئے اور 9 کو گرفتاری ہوئی، 8 دن تک نیب نے خود کیوں کوشش نہیں کی، کیا نیب عمران خان کو عدالت سے گرفتار کرنا چاہتا تھا، وزارت داخلہ کو 8 مئی کو خط کیوں لکھا گیا تھا؟

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 9 مئی کو کیس کی سماعت کی وجہ سے 8 مئی کو وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ نیب نے وزارت داخلہ کو کہا اور خوش قسمتی سے دوسرے دن وہ آرہا تھا، ساتھ ہی استفسار کیا کہ جب درخواست گزارکو گرفتار کیا تھا تو کیا اس وقت اپ کا کوئی نمائندہ موجود تھا؟

نیب پراسیکیوٹر نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں معلومات لے کر عدالت کو آگاہ کریں گے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے دریافت کیا کہ نیب نے وارنٹ کی تعمیل کے لیے حکومتِ پنجاب کو خط کیوں نہیں لکھا، نیب نے ملک کو بہت تباہ کیا ہے۔

سردار مظفر نے کہا کہ عمران خان کا کنڈکٹ بھی دکیھیں، ماضی میں مزاحمت کرتے رہے ہیں، اس لیے نیب کو جانوں کے ضیاع کا بھی خدشہ تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے بقول وارنٹ کی گرفتاری کا طریقہ وفاقی حکومت نے خود طے کیا تھا، کیا نیب کا کوئی افسر گرفتاری کے وقت موجود تھا؟

تاہم نیب افسران عمران خان کی گرفتاری کے وقت تفتیشی افسر کی موجودگی کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب اس ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا چکا ہے، ہمیں قانون نہ سکھائیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کو کس فورس نے گرفتار کیا، ہم یہ ڈھونڈنا چاہتے ہیں کہ گرفتار کس فورس نے کیا؟

وکیل نیب نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئی جی اسلام آباد نے بتایا تھا کہ انہوں نے گرفتار کیا، ہائیکورٹ کے آرڈر کے مطابق گرفتاری پولیس کی نگرانی میں کی گئی۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ پولیس نے رینجرز کی مدد سے گرفتاری کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی حکم کے مطابق پولیس کارروائی کی نگرانی کررہی تھی، رینجرز کے کتنے اہلکار گرفتاری کے لیے موجود تھے؟

ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ رینجرز نے پولیس کے ماتحت گرفتاری کی تھی، رینجرز اہلکار عمران خان کی سیکیورٹی کے لیے موجود تھے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب نے وارنٹ کی تعمیل سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ کسی قانون کے تحت رجسٹرار سے اجازت لینے کی پابندی نہیں تھی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا شیشے اور دروازے توڑے گئے؟ ضابطہ فوجداری کی دفعات 47 سے 50 تک پڑھیں، بائیو میٹرک برانچ کی اجازت کے بغیر بھی شیشے نہیں توڑے جاسکتے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان کو کہیں اور گرفتار کرنا ممکن نہیں تھا، عمران خان ہر پیشی پر ہزاروں افراد کو ساتھ آنے کی کال دیتے تھے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر بلاتے ہوئے کہا کہ انصاف تک رسائی کے حق پر اٹارنی جنرل کو سنیں گے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے ساتھ نیب جو کررہا ہے وہ معمول بن چکا ہے، نیب ایک آزاد ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے 8 مئی رینجرز تعینات کرنے کی تحریری طور پر درخواست کی تھی لیکن رینجرز تعینات کرنے کی درخوست وارنٹس پرعملدرآمد کے لیے نہیں تھی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب نے سارا الزام وفاقی حکومت پر ڈال دیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ملزم سرینڈر کرے اور گرفتار کیا جائے تو عدالت گرفتاریوں کے لیے آسان مقام بن جائے گا، ملزمان کے ذہن میں عدالتیں گرفتاری کی سہولت کار بن جائیں گی۔

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ عدالتیں آزاد ہوتی ہیں، آزاد عدلیہ کا مطلب شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری اور بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

Exit mobile version