چیئرمین سینیٹ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کے لیے متحرک
حکومتی درخواست پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سیاسی مذاکرات کے سلسلے میں متحرک ہوگئے ،سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے لئے رابطے شروع کردیئے۔کمیٹی مذاکرات کے لیے رہنما اصول وضع کرے گی ۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کو خطوط پر نامزدگیاں کر دی گئیں ۔ حکومت اپوزیشن رہنماؤں سے کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے کمیٹی کے لیے حکومت اور اپوزشین بینچز سے 4 چار ارکان تجاویز پیش کریں گے ۔خط میں چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال میں سیاسی جماعتوں میں رابطے کا فقدان ہے مجھ سے حکومت نے معاشی اور سیاسی بحران بشمول عام انتخابات کے انعقاد پر مذاکرات کا آغاز کرنے اور سہولت کاری فراہم کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے۔ممبران سینیٹ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی ہے۔خط کے مندرجات میں کہا گیا ہے کہ پارلیمان ہی سیاسی مسائل کے حل کے لیے موزوں فورم ہے۔میں نے یہ اہم ذمہ داری سنبھالی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے لکھا ہے کہ میرا دفتر اور سینیٹ سیکرٹریٹ سیاسی نظام کے تحفظ اور شہریوں کی بہتری کے لئے کمیٹی کے کاموں کی کارکردگی میں تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کے لئے دستیاب رہے گا۔سیاسی مکالمے کے انعقاد کے لئے دس رکنی خصوصی کمیٹی قائد حزب اختلاف کی مشترکہ کنوینر شپ میں تشکیل دی جا رہی ہے۔خط میں کہا گیا کہ سینیٹ آف پاکستان کو وفاق کے استحکام کی اکائی ہونے کے ناطے اسے قومی اور عوامی مفادات کے پیش نظر قومی اور سیاسی ہم آہنگی کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال بالخصوص سیاسی قوتوں کے درمیان انتشار کو ظاہر کرتی ہے۔