سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کیلئے درخواست دائر
سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔پاکستان عوامی لیگ کے چیئرمین ناصر محمود نے درخواست دائر کی جس میں صدر، وفاقی حکومت، وزیر اعظم، اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن، عمران خان، حکومتی جماعتیں اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں غیر قانونی طریقے سے تحلیل ہوئیں، گزشتہ دنوں عمران خان نے بیان دیاکہ اسمبلیاں جنرل (ر) باجوہ کے کہنے پر تحلیل کیں، غیر متعلقہ شخص کے کہنے پر اسمبلیاں تحلیل نہیں ہوسکتیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملکی معاشی حالت انتخابات کیلئے موزوں نہیں ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے 5 سال کیلئے نمائندے منتخب کیے تھے، انتخابات اگر ہر صورت کرانے ہیں تو اخراجات عمران خان خود ادا کریں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں بحال کی جائیں، انتخابات کرانا لازم ہیں تو 21 ارب روپے عمران خان سے لیے جائیں۔