بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، وزیراعظم کا عید پر پیغام

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی گئی۔عید الفطر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے، اپنے ارد گرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، مشکل دور ہے، صاحب ثروت کے ایثار و محبت کی آج زیادہ ضرورت ہے، مشکلات کے شکار افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت کی کوشش رہی ہے کہ معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہر ممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا، صیام کے بعد عید کی مانند ہماری محنت ملک و قوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائے گی، عید پر سیلاب متاثرین کو بھی نہ بھولیں۔

اپنے عید پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہدائے وطن کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔

وزیر اعظم نے کہا عید کے موقع پر ہم اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں بہنوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ انہیں آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے، ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ بھی یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

اشتہار
Back to top button