سیاسی تنائو کم کرنے کیلئے سراج الحق کی وزیراعظم، عمران خان سے ملاقات
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق زمان پارک پہنچ گئے۔حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کو کم کرنے کیلئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی سربراہی میں وفد مفاہمت کا پیغام لے کر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچا، وفد میں لیاقت بلوچ اور امیر العظیم بھی شامل تھے۔جماعت اسلامی کے وفد نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سراج الحق نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی تناؤ کم کرنے پر زور دیا، اس موقع پر محمود الرشید، اعجاز چودھری اور شبلی فراز بھی موجود تھے۔
قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق میں تین رکنی وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔لاہور میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویژن سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔