خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
سید محمد نعیم شاہ بخاری کا تعلق سرگودھا کی تحصیل ساہیوال کے ایک دینی و مذہبی گھرانے سے ہے۔ آپ کا خاندان دو سو سال سے ساہیوال میں آباد ہے اور شاہانہ گھر کے نام سے مشہور ہے ۔ آپ کے آباء و اجداد کی تعمیر شدہ شہانی مسجد قدیم طرز تعمیر کی آئینہ دارہے۔
سید محمد نعیم شاہ بخاری نے ایم اے ہسٹری کے ساتھ ساتھ خصوصی کورس علم عروض بھی مکمل کیا ہوا ہے ۔ آپ نہایت ہردلعزیز شخصیت کے مالک ہیں۔ بردباری، خوش اخلاقی، خوش لباسی ، ملنساری اور خوش گفتاری آپ کی شخصیت کے اوصاف حمیدہ ہیں ۔ موصوف اب تک چار کلام تحریر کرچکے ہیں ۔ جن میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، منقبت حضرت علی المرتضیٰ شیر خدا رضی اللہ تعالی ا عنہ اور منقبت حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ شامل ہے ۔ آپ شاعری میں حکیم الامت شاعر مشرق حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اور احمد ندیم قاسمی فخر خوشاب سے متاثر ہیں۔ سید محمد نعیم شاہ بخاری کا نمونہ ء کلام ملاحظہ فرمائیے ۔
منگتوں پہ اپنا لطف سرعام کر رہے ہیں
دفع شکوک اور سبھی اوہام کر رہے ہیں
ذکر حضور کیجیے ، ذکر خدا کے ساتھ
کرتے فرشتے حمد ہیں، صلے علی ا کے ساتھ
کس زباں سے ہو بیاں رتبہ امام پاک کا
عکس ہے سرکار، جلوہ امام پاک کا
ظالموں کے مٹ گئے نام و نشان لیکن نعیم
چار سو ہے آج بھی چرچہ امام پاک کا
میری زبان پہ اس لئے مدحت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی ہے
موجود دل میں الفت و چاہت علی رضی اللہ تعالی اعنہ کی ہے