پاکستانی امپائر علیم ڈار بطور (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر اپنے آخری میچ میں ذمہ داریاں نبھانے کے بعد باضابطہ طور پر ریٹائر ہوگئے۔
جمعے کو ڈھاکا میں ختم ہونے والا بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ ان کے 24 سالہ کیریئز کا آخری انٹرنیشنل میچ تھا جس کے اختتام پر انہیں دونوں ٹیموں کی جانب سے گارڈ آف آنر دیا گیا۔
واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر اپنے کیرئیر کے دوران ریکارڈ میچوں میں خدمات سرانجام دینے کے بعد گزشتہ ماہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل سے سبکدوش ہو گئے تھے۔
عالمی شہرت یافتی امپائر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
58 سالہ علیم ڈار نے 144 ٹیسٹ، 222 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی جو دونوں میں ورلڈ ریکارڈ ہے، اس کے علاوہ انہوں نے 69 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں بھی فرائض انجام دیے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی پریس ریلیز کے مطابق امپائر علیم ڈار ایلیٹ پینل میں 19 سال رہنے کے بعد دستبردار ہو گئے، انہوں نے ریکارڈ 435 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی۔
علیم ڈار نے بطور ایلیٹ پینل امپائر 2002 میں پہلے انٹرنیشنل میچ میں خدمات انجام دی تھی اور جنوبی افریقہ میں 2023 میں ہونے والے ورلڈکپ میں بھی امپائر تھے۔
پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے بعد امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار نے کہا تھا کہ یہ اعزاز ہے کہ انہوں نے بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کی۔
آئی سی سی کی پریس ریلیز میں علیم ڈار کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ ایک طویل سفر رہا لیکن میں نے ہر ایک لمحے کو انجوائے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا بھر میں امپائرنگ کرنے کا لطف اور اعزاز حاصل کیا ہے اور میں نے وہ کچھ حاصل کیا ہے جس کا امپائرنگ شروع کرتے وقت خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو جیف الا ڈائز نے کھیل کے لیے علیم ڈار کی خدمات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ اور آئی سی سی میں علیم ڈار کی کارکردگی قابل ذکر رہی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بھی علیم ڈار کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا، نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں علیم ڈار کو بھی بطور ایلیٹ پینل امپائر کامیاب کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، وہ پہلے پاکستانی تھے جو آئی سی سی کے امپائر کے ایلیٹ پینل میں شامل ہوئے، اور انہوں نے خود کو سب سے زیادہ قابل احترام اور انتہائی قابل امپائر کے طور پر اپنا لوہا منوایا۔