خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے). پی پی 90 سے امیدوار سردار سعید اکبر خان نوانی نے کہا ہےکہ انشاءاللہ عوامی قوت سے منتخب ہو کر اپنے حلقہ میں تعمیر و ترقی کا عمل جاری رکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرشد آباد تھل اور ٹانوریانوالا میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سجادہ نشین مرشد آباد تھل پیر صاحبزادہ عبدالحلیم ، پیر صاحبزادہ عبدالقیوم، سابق ایم پی اے سردار رشیداکبر خان نوانی، سابق ناظم ضلع بھکر سردار حمید اکبرخان نوانی، سابق چیئرمین ضلع بھکر سردار احمد نواز خان اور سابق چیئرمین یونین کونسل گھانوروالا ملک نصراللہ پشیہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سردار سعید اکبر خان نوانی نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے عوام کی بے لوث خدمت ہماری سیاست کا محور و مقصد ہے ۔ انشاءاللہ اس عظیم مشن پر کاربند رہتے ہوئے اجتماعی عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہرگز کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔ اس موقع پر آستانہ ء عالیہ مرشد آباد تھل کےصاحبزادگان پیرعبدالحلیم اور پیرعبدالقیوم نے اپنے مریدین سمیت دیگر دوست احباب کی طرف سے سردار سعید اکبر خان کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔ دریں اثناء نوانی گروپ ضلع بھکر کے دیرینہ ساتھی ملک نصراللہ پشیہ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ضلع بھکرکے عوام کے دل نوانی گروپ کے ساتھ دھڑکتے ہیں ان کی ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔ انشاءاللہ سردار سعید اکبر خان نوانی پھر شاندار کامیابی سے ہمکنار ہو کر پی پی 90 کو مثالی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔