ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید احسان علی شاہ نے محکمہ لائیوسٹاک کے ویٹرنری سپر وائزر نعیم الحسن کے ہمراہ صدر، گلبرگ، باڑہ روڈ اور دیگر علاقوں میں شیر فروشوں کی 35 دکانوں میں دودھ کا لائیو سٹاک کی جدید موبائل لیبارٹری کے زریعے معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران دودھ میں وافر مقدار میں پانی کی ملاوٹ پر 10 دکانوں کو سیل کر کے 16 شیر فروشوں کو گرفتار کرتے ہوئے 220 لیٹر سے زائد مضر صحت ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا گیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی نے اولڈ باڑہ روڈ، اکیڈمی ٹاؤن، کینال روڈ اور دیگر علاقوں میں شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا لائیو سٹاک کی جدید موبائل لیبارٹری کے زریعے معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران دودھ میں وافر مقدار میں پانی کی ملاوٹ پر 15 شیر فروشوں کو گرفتار کرتے ہوئے سے 410 لیٹر سے زائد مضر صحت ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کے مطابق پشاور میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور باقاعدگی سے شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کیا جا تا ہے۔ انھوں نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔