خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) لاہور میں واقع فنون و ادب کے معروف پلیٹ فورم نجم فیلوز سٹوڈیو پر اُردو زبان کے ممتاز و مقبول شاعر شہزاد نیئر کی صدارت میں ایک مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک کی منفرد نوجوان شعری آوازوں کو ایک ساتھ اکھٹا کیا گیا۔ اِس موقع پر خوشاب کے اہلِ رموز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے عمدہ شاعر گل جہان (جوہرآباد)، رمیض نقوی (خوشاب)، عاجز کمال رانا (نورپورتھل)، دانیال زمان (کھوڑہ، وادیِ سون)، اقرا انصاری (خوشاب) اور کرن منتہٰی (مٹھہ ٹوانہ) نے رموز تنظیم برائے فنون و ادب ضلع خوشاب کی نمائندگی کی۔ مشاعرے کے صاحبِ صدارت شہزاد نیئر، ڈائریکٹر نجم فیلوز غلام عباس نجم اور دیگر اہلِ فکر و سُخن کی جانب سے خوشاب کے شعراء کرام کو خوب سراہا گیا۔
رموز تنظیم اِس عزت افزائی پر نجم فیلوز کی شکر گزار ہے اور اِس بات کے لیے پُر اٙزم ہے کہ وہ آئندہ بھی ضلع بھر سے نہ صرف شعراء بلکہ فنون و ادب سے تعلق رکھنے والے دیگر اہلِ رمز کے فن کو مقامی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہے گی۔