عوام کی سہولت کیلئے پنجاب میں ہیلتھ کیئر سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر جمال ناصر

ڈاکٹر جمال ناصر، وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ، حکومت پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں مزید اصلاحات لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام کو صحت کی بہتر اور معیاری سروسز فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سسٹم فروغ دینا چاہتے ہیں جس تک عوام کو آسان رسائی ہو، عوام کیلئے زیادہ مہنگا نہ ہو اور ان کو صحتمند زندگی گزارنے میں معاون ثابت ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین زاہد بختاوری، یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور اسلام آباد سٹیزن فورم کے چیئرمین عابد بختاوری کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اگر کسی دوائی کا لیب ٹیسٹ کرتے ہوئے 60فیصد کی بجائے 59فیصد مقدار برآمد ہو تو اس پر فرد جرم عائد کر دی جاتی ہے لہذا فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز کو غیر ضروری اور بلاجواز جرمانوں سے بچانے کے لیے ادویات سے متعلق قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فارما ٹریڈ کی تاجر برادری کی عزت و وقار کا بہتر تحفظ کیا جائے گا اور ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے ان کی عزت نفس مجروح ہو۔

کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ سمیت تمام تاخیر کا شکار ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے اور جڑواں شہروں کے لوگوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے بھی بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے پنجاب کے وزیر صحت کو فارما ٹریڈ کی تاجر برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ان کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فارما ٹریڈ کی تاجر برادری بروقت ضرورت کی ادویات کی فراہمی یقینی بنا کر عوام کی اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیشہ ان کی مشاورت سے ڈرگز رولز میں ترمیم کی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسے رولز میں یکطرفہ ترمیم اکثر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں مشکلات کا باعث بنتی ہے لہذا اس روش سے گریز کیا جائے۔

چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر جمال ناصر نے اپنی ملازمت کے دوران جس طرح فیصل آباد، گجرات اور دیگر شہروں میں جمخانہ کلب بنائے اسی طرح چکوال میں بھی ایک جمخانہ کلب بنایا جائے۔

زاہد بختاوری چیئرمین پی سی ڈی اے پنجاب، ظفر بخاری سیکرٹری جنرل یو بی جی، عابد بختاوری چیئرمین اسلام آباد سٹیزنز فورم اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیشہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فارما ٹریڈ سے متعلق قانون سازی کی جائے جس سے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

Exit mobile version