صحافی صدیق جان کی گرفتاری پر عمران خان ، صحافتی تنظیموں کا اظہار مذمت
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بول نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صدیق جان کو گرفتار کرنے کی مذمت کی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ بول نیوز کے بیورو چیف صدیق جان کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہیں، اب تو جس کے بارے میں تحریک انصاف سے ہمدردی کا احتمال بھی ہوتا ہے اسے پوری ڈھٹائی سے نشانہ بنایاجاتاہے۔
عمران خان نے کہا کہ صحافی عمران ریاض، جمیل فاروقی، صابر شاکر، سمیع ابراہیم، چوہدری غلام حسین، معید پیرزادہ سب ہی متاثر ہوئے، ارشد شریف کا قتل، بول اور اے آر وائے مالکان کو نشانہ بنایا گیا۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بھی صحافی صدیق جان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔صدیق جان کی گرفتاری پر صحافی کمیونٹی نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔بول نیوز کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ صحافی کو دفتر کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔