ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہر آباد میں ہفتہ صحت کیمپ کا اِفتتاح

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہر آباد میں ہفتہ صحت کیمپ کا اِفتتاح کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے فیتہ کاٹ کر صحت کیمپ کا افتتاح کیا۔ اِس موقع پر وہاں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی محمد اکبر،ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر امیر احمد خان و دیگر میڈیکل افسران، پیرا میڈیکل سٹاف اور علاج معالجہ کے لئے مریض موجود تھے۔سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد اکبر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع خوشاب میں ڈی ایچ کیو ہسپتال،تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں اور متعدد مراکزِ صحت میں 20مارچ تا 22 مارچ تین روز کے لئے ہیلتھ کیمپوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِن کیمپوں میں مریضوں کو بہترین سہولتیں میسر کی جا رہی ہیں۔ ایم ایس ڈاکٹر امیر احمد خان نے کہا کہ ہیلتھ کیمپ میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی کی سکریننگ، حفاظتی ٹیکہ جات،پی سی آر ٹیسٹ،ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، سانس کی بیماری کی سکریننگ، ایڈز اور ٹی بی کا ٹیسٹ، ماں اور بچے کی صحت کا معائنہ اور کیمپ میں مفت علاج معالجہ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بلڈ بنک،ہیپاٹائیٹس کلینک،ایمرجنسی وارڈ، آپریشن تھیٹر اور زیرِ تعمیر فزیو تھراپی بلڈنگ پر ہونے والے کام کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کاؤنٹر پر معمور افراد کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہیلتھ کیمپ کے قیام اور اِس میں دی جانے والی سہولتوں پر اِطمینان کا اِظہار کیا۔

Exit mobile version