بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر
حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال سے سرچارج کے ذریعے بجلی مزید مہنگی کرنےکی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائرکر دی گئی۔حکومت نے سرچارجز میں اضافے کے لیے نظر ثانی کی درخواست کی ہے جس میں آئندہ مالی سال سے سرچارجز میں 1روپے 80 پیسے فی یونٹ اضافے تک کی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ آئندہ مالی سال کے لیے فی یونٹ سرچارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ بڑھانا ہے، پہلے یہ سرچارج 1روپے 43 پیسے فی یونٹ تک لگانےکا فیصلہ تھا تاہم اس سے مالی ضروریات پوری نہیں ہو رہیں۔
حکومت کی جانب سے جولائی تا اکتوبر 300 یونٹ تک گھریلو اور زرعی صارفین پر 43 پیسے یونٹ سرچارج کی درخواست کی گئی ہے، نومبر تا جون 300 یونٹ تک گھریلو اور زرعی صارفین پر سرچارج 3.23 روپے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیپرا کا کہنا ہےکہ سرچارج اضافےکی درخواست کے الیکٹرک اور ڈسکوز کے صارفین کے لیے ہے، بجلی صارفین پر سرچارج کی درخواست کی 16مارچ کو سماعت کی جائےگی۔