لگژری آئٹمز پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری
حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرط پر لگژری آئٹمز پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ایف بی آر نے سیکڑوں لگژری آٹمز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس سے 4 ماہ میں 15 ارب روپے کی آمدن ہوگی۔
نوٹیفکیشن کےمطابق امپورٹڈ الیکٹرونکس آئٹمز، میک اپ سامان، امپورٹڈ لپ اسٹک، فیس پاؤڈر، بالوں کیلئے رولر اور ڈرائرز پر بھی سیلز ٹیکس کی شرح 25 فیصد کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پالتو جانوروں کی امپورٹڈ خوراک، امپورٹڈ برانڈڈ شوز ، امپورٹڈ برانڈ کے پرس، امپورٹڈ شیمپو، صابن اور لوشن، امپورٹڈ برانڈ ہیڈ فونز، آئی پوڈ اور اسپیکرز، امپورٹڈ دروازوں اور کھڑکیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ امپورٹڈ لگژری برتن، امپورٹڈ باتھ فٹنگز، امپورٹڈ ٹائلز، سینیٹری سامان، امپورٹڈ فانونس اور فینسی لائٹس پر بھی سیلزٹیکس 25 فیصد کردیا گیا ہے جب کہ امپورٹڈ اور مقامی تیار ہونے والی 1400 سی سی گاڑیوں پر بھی 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔