ایجنسیز کی رپورٹ کی بنیاد پر نگران پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کا نفاذ کیا، رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایجنسیز کی رپورٹ کی بنیاد پر نگران پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کا نفاذ کیا۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آج ملک کے مختلف شہروں میں خواتین اپنے مسائل کو اجاگر کرنے اور اپنے حقوق کے لیے عورت مارچ کا انعقاد کر رہی ہیں، اس کے ساتھ ہی عورت مارچ کو کاؤنٹر کرنے کے لیے حیا مارچ کی سرگرمی بھی کی جا رہی ہے۔

راناثنااللہ نے کہا کہ لاہور میں ہی آج عمرانی فتنے نے بھی برگر مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے، یہ وہی علاقہ ہے جہاں آج عورت مارچ ہو رہا ہے، حیا مارچ ہو رہا ہے، ساتھ ہی اسی علاقے میں فتنہ خان نے بھی مناسب سمجھا ہے کہ یہ اپنے فتنے کو بھی بیچ میں اجاگر کرے، اس کے لیے اس نے یہ برگر مارچ اور اس کی ریلی کا اعلان کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں وہاں پر کوئی بھی واقعہ ہوسکتاہے کیونکہ ان کے فتنہ مارچ میں، ان کے جلسوں میں بہت بری صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو خود ان کے لیے بھی شرمندگی کا باعث بنتی رہی ہے، ایسے میں کچھ عناصر پریشانی کا باعث بننے والی صورتحال پیدا کرسکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ ایجنسیز کی رپورٹ تھیں جن کی بنیاد پر نگران پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہے۔راثنااللہ نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق انہیں کہا گیا تھا کہ وہ اپنی ریلی کا روٹ فراہم کریں اور اپنے آپ کو ان حدود میں رکھنے کی یقین دہانی کرائیں، تاکہ مختلف سرگرمیوں کے پیش نظر وہاں پر کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بد بخت عمرانی ٹولہ کسی قانون، کسی ضابطے کو تو خاطر میں لا تا نہی ہے بلکہ ایسی بات پر تو یہ ایس عجیب رویہ اپناتے ہیں کہ جس کی بنیاد پر پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کا نفاذ کرنا مناسب سمجھا۔

Exit mobile version