اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر زمان پارک پہنچ گئی
عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر زمان پارک پہنچ گئی۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کا امکان ہے،عمران خان کو مکمل قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتار کیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ عمران خان اس وقت زمان پارک میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس ایس ایس پی کی قیادت میں لاہور پہنچی جس کے بعد لاہور پولیس کی معاونت میں زمان پارک پہنچ گئی۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ ہم عدالت کے حکم سے زمان پارک آئے ہیں،عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت پیش نہیں ہوئے۔
اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے جب کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری بھی موجود ہیں جب کہ اب فواد چوہدری بھی پہنچ گئے ہیں۔
اس معاملے پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم پر عمران خان کو گرفتار کرنے آئی ہے ، پنجاب حکومت اسلام آباد پولیس کی آئین اور قانون کے مطابق معاونت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل میں سیل تیار کیا جارہا ہے، عمران خان کو اڈیالہ جیل کے اسی سیل میں رکھا جائے گا جس میں 2019 میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرکے رکھا گیا تھا۔
لاہور ائیرپورٹ پر خصوصی طیارے کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی اسلام آباد سے رابطہ کیا اور انہیں عمران خان کو آج ہی گرفتار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
خیال رہے کہ 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
سیشن عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرکے7 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔