توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
عمران خان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر 7مارچ کوعدالت میں پیش کرنے کاحکم
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیےگئے۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ آج 4 مختلف کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی انسداد دہشت گردی عدالت اور بینکنگ کورٹ سمیت سیشن عدالت کے 2 کیسز میں پیشی تھی جب کہ انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی پیش ہونا تھا جہاں انہوں نے ایک مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات حذف کرنے سے متعلق درخواست میں بائیومیٹرک کی تصدیق کرانی تھی۔
ہائی کورٹ میں دوسری درخواست عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی دائر کی ہے۔عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت اور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے جہاں ان کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں جب کہ اقدام قتل اور توشہ خانہ ریفرنس میں وہ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکلا نے عدالت سے درخواست ضمانت بھی واپس لے لی۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان پیش نہیں ہوسکتے، مزید 5 روز کی مہلت دی جائے۔ایڈیشنل سیشن جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا طریقہ ہے کہ عمران خان 11 کورٹس میں پیش ہوسکتے ہیں، کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے، ادھرکے لیے ٹائم نہیں بچے گا، یہ کونساطریقہ ہے، ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے تو پھرچلے جائیں۔
بعد ازاں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔سیشن عدالت نے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد دہشت گردی عدالت اور بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔
عدالت نے فیصلہ سناتے قراردیا کہ ہم نے عدالت کے اوقات کار ختم ہونے تک عمران خان کا انتظار کیا لیکن عمران خان پیش نہیں ہوئے اس لئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ عمران خان کو گرفتار کر کے 7مارچ کو پیش کرے۔