بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پرویز الہیٰ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے پرویز الٰہی نے لاہور کے زمان پارک میں ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا گیا۔

پرویز الٰہی نے فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ طویل بحث کے بعد آج پرویز الٰہی اور دیگر رہنما ق لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں اور آج کے بعد وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگا، پرویز الٰہی نے عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے اصرار پر فواد چوہدری نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی کا صدر بنانا ہے اور سینیئر قیادت نے اس کی منظوری دی ہے، ہمارے آئین کے مطابق اس پر آگے چلیں گے اور اس پر عمل درآمد ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں مرکزی صدر بنانے کی سفارش سینیئر قیادت نے کی ہے۔اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ ہم ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ساتھیوں کو مضبوط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مرکزی صدر بنانے کا کہہ دیا ہے، عمران خان کی خواہش پر کام کروں گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت نے پرویزالٰہی کوپارٹی عہدے سے برخاست کردیا تھا۔پارٹی اعلامیے کے مطابق پرویزالٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کی گئی اور انہیں آئندہ پارٹی کا نام  استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

اشتہار
Back to top button