خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) وطن عزیز کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع خوشاب کے علاقہ تھل میں بھی بھرپور طریقے سے یوم یکجہتی ءکشمیر منایا گیا ۔اس دن کی مناسبت سے مختلف مقامات پر ریلیاں اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا ۔اے سی آفس نورپورتھل سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر محمد محسن عالم نے کی ۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاےء ریلی نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ جامعہ شمس القرآن نورپورتھل سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت تحریک لبیک پاکستان سرگودھا ڈویژن کے راہنما علامہ شیر محمد سیالوی نے کی۔ جس میں ٹی ایل پی کے ورکرز نے بھرپور شرکت کی ۔ شرکاءے ریلی نے کشمیری بھائیوں کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔ کلمہ چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیر محمد سیالوی، مولانا محمد شفیع نظامی، قاری اسد اللہ خان نیازی، قاری شیخ حافظ انعام الرحیم ،فیاض حسین عطاری اور دیگر مقررین نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالم اسلام سے پر زور مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلوانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں ۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ انشاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ یوم یکجہتی ءکشمیر کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔