بھارتی ریاستی دہشتگردی کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ بھارت اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے آہنی ارادے کو کچل سکتا ہے تو وہ غلطی پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی رہنماؤں نے آج 5 فروری کو منائے جانے والے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتی اور نہ ہی ان کی جائز جدوجہد کو کمزور کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستان، اقوام متحدہ اور سب سے بڑھ کر کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا احترام کرے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور ان گنت مظالم کا شکار ہیں، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد پہلے سے خراب صورتحال نے بدترین رخ اختیار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ میں پوری پاکستانی قوم کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، ہم ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ بھارتی جبر سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی اپنی آواز بلند کرتا رہے گا اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتت کے وحشیانہ اقدامات کو اجاگر کرتا رہے گا۔