بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پنجاب کی اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ

رات گئے سامنے آنے والی اہم پیش رفت میں پنجاب کی اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے نگران حکومت نے چیف سیکریٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور لاہور کیپٹل سٹی پولیس افسر کے تبادلے کر دیے۔

 رپورٹ کے مطابق نگران حکومت پنجاب نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) زاہد اختر زمان کو تبدیل کر کے چیف سیکریٹری تعینات کر دیا، زاہد اختر زمان نے عبداللہ خان سنبل کی جگہ لی ہے، وفاقی حکومت نے نئے چیف سیکریٹری کے تبادلے اور تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے۔

زاہد زمان ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب بھی رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے آئی جی پولیس پنجاب عامر ذوالفقار کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ ڈاکٹر عثمان انور کو تعینات کر دیا، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاق نے عامر ذوالفقار کو اسلام آباد میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔

ڈاکٹر عثمان انور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں فرائض سرانجام دے رہے تھے، وہ سی ٹی ڈی پنجاب میں تعینات رہے جب کہ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد، سی آئی ڈی اور چیف ٹریفک افسر راولپنڈی کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں، وہ اسلام آباد میں وزیراعظم آفس، ڈی پی او اوکاڑہ، ڈی پی او سرگودھا، ٹیلی کمیونیکیشن اور ایلیٹ پولیس میں بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

ایک اور پیش رفت میں لاہور کیپیٹل سٹی پولیس افسر غلام محمود ڈوگر کو تبدیل کرکے ان کی جگہ بلال صدیق کامیانہ کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

سی سی پی او کی پوسٹ کے بارے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غلام محمود ڈوگر کیپیٹل سٹی پولیس افسر لاہور کا فوری طور پر تبادلہ کردیا گیا اور انہیں تاحکم ثانی محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،پوسٹنگ کے منتظر بلال صدیق کامیانہ نے ان کی جگہ لی ہے۔

اشتہار
Back to top button