بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

بارہواں رشیدڈی حبیب گالف: دفاعی چیمپین وحید بلوچ اپنا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب

بینک الحبیب کے بارہویں رشیدڈی حبیب میموریل نیشنل پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ 2023 کا فائنل راؤنڈ اتوار 22 جنوری کو کراچی گالف کلب میں کھیلا گیا۔ دفاعی چیمپین وحید بلوچ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے 277، گیارہ انڈر پار کے مجموعی اسکور کے ساتھ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ دس انڈر پار کے اسکور کے ساتھ اس سال کے رنر اپ محمد شہزاد ہیں ، جبکہ پاکستان کے ٹاپ گالفر محمد شبیر اقبال تیسری پوزیشن حاصل کر پائے۔ جونیئر اور سینیر کیٹیگری میں دو روزہ مقابلے ہفتے اور اتوار کو کھیلیے گئے۔ جونیئر کے پہلے دن چودہ سالہ اشعث امجد نے تیرہویں ہول پر ٹی آف کرتے ہوئے کامیابی سے ہول اِن ون کا کارنامہ انجام دیا۔ اس کیٹیگری میں فاتح محمد ساحل ہیں، جبکہ اشعث امجد رنر اپ رہے۔ اشعث کو بینک الحبیب کی جانب سے نئی ٹویوٹا کار انعام میں دی گئی۔ سینیئر پروفیشنل کی ٹرافی محمد طارق کے نام ہوئی جبکہ محمد اکرم رنر اپ کے طور پر سامنے آئے۔

پیشہ ورانہ گالف کی ترویج اور ترقی کے مقصد کے ساتھ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی کراچی گالف کلب کے مقامی پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز اور کیڈیوں کے لیے دو روزہ میچ، رشید ڈی حبیب میموریل گالف ٹورنامنٹ کا بائیسواں ایڈیشن 17 اور 18 جنوری کے دوران منعقد کیا گیا۔ عبدالوحید، لطیف خاصخیلی اور سلیم عنایت نے کے سی جی سینئر پروفیشنلز کیٹیگری میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کیں۔ انہوں نے بالترتیب 78، 81 اور 82 کا اسکور کیا۔ نورالدین نے کے جی سی پروفیشنلز کیٹیگری میں ٹرافی جیتی اور رنر اپ اقبال مسیح رہے۔ اس کیٹگری میں عبداللہ، جلیل اور زبیر نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ کے سی جی کیڈیز کیٹیگری میں طارق کمال گیارہ اوور پار کر کے نئے ٹائٹل ہولڈر بن گئے۔ رنر اپ صابر اکبر ان سے تین پوائنٹ پیچھے رہے ۔ اس زمرے میں تیسری پوزیشن ایم جاوید، نبیل خان اور ذاکر علی نے پندرہ اوور پار مشترکہ اسکور کے ساتھ حاصل کی ۔ اس سال ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ پاکستانی روپے تھی جو پاکستان گالف فیڈریشن (پی جی ایف) کے مروجہ ضوابط کے مطابق فاتح کھلاڑیوں میں تقسیم کی گئی۔ اس رقم میں نیشنل پروفیشنل کیٹیگری میں بہترین پرفارمرز کے لیے 7.95 ملین روپے، کراچی گالف کلب کےکیڈیز ، پروفیشنلز اور سینئر پروفیشنلز کے لیے چودہ لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔ نیز چھ لاکھ پچاس ہزار روپے پی جی ایف کی موجودہ درجہ بندی کے مطابق پانچ بہترین پروفیشنلز ؛ محمد شبیر اقبال، محمد عالم، محمد منیر اور تین سینئر پروفیشنلز : محمد طارق، طاہر نسیم اور محمد اکرم کو بطور اپیئرنس منی ادا کیے گئے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان بحریہ کے سربراہ- ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ امتیاز ملٹری ستارہ امتیاز ملٹری، ستارہ بسالت تھے جنہوں نے بینک الحبیب کے چیئر مین عباس ڈی حبیب کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامی رقوم تقسیم کیں۔ ایڈمرل امجد نیازی نے پاکستان میں گالف کی ترویج کے لیے عباس ڈی حبیب فیملی اور بینک الحبیب کی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور تعاون کو سراہا۔ بینک الحبیب کے چیئرمین عباس ڈی حبیب نے بارہویں رشید ڈی حبیب گولف ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر کراچی گالف کلب، سندھ گالف اتھارٹی اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جیتنے والے گالفرز کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے حصہ لینے والے گالفرز کی حوصلہ افزائی کی۔

Back to top button