بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ہر مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، چین

چین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کی، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیر خزانہ اور چینی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اسحاق ڈار نے چین کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف اقتصادی شعبوں میں تاریخی اور مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔وزیر خزانہ نے پاکستان کو درپیش سیلاب کے اثرات پر روشنی ڈالی جس نے بنیادی ڈھانچے، زراعت، زندگی اور املاک کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا ہے۔

انہوں نے چینی حکومت کی مالی معاونت کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت مالی اور مالیاتی استحکام کو یقینی بنا کر عوام کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔چین کے سفیر نے مشکل کی اس گھڑی میں چینی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ چین اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے پاکستان میں چینی منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے مسلسل مدد اور تعاون پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

Back to top button