بہارہ کہو بائی پاس کے قائد اعظم یونیورسٹی کی جگہ پر تعمیرات روکنے کے حکم امتناع میں 2 دسمبر تک توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بہارہ کہو بائی پاس کے قائد اعظم یونیورسٹی کی جگہ پر تعمیرات روکنے کے حکم امتناع میں 2 دسمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے وکلا کو کیس میں حتمی دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر اس کیس کو مکمل کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسرز کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کے خدشات اور تحفظات کابینہ میں بھیج دئیے گئے ، کابینہ سے اب تک رپورٹ موصول نہیں ہوئی امید ہے آئندہ ہفتے تک آ جائے گی، ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے پٹیشنرز کے وکیل کاشف علی ملک ایڈووکیٹ کو مخاطب کر کے کہا کہ انہوں نے آپ کے خدشات سن لئے وہ دیکھیں گے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے عائد 10 لاکھ جرمانہ سی ڈے اے نے جمع کرا دیا ہے جس کے بعد انوائرمنل پروٹیکشن ایجنسی نے بہارہ کہو منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو حتمی دلائل کی ہدائت کرتے ہوئے سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

Exit mobile version