فیفا ورلڈ کپ، برازیل نے سربیا کو شکست دیدی،نیمار ان فٹ ہو گئے

فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دلچسپ میچز جاری ہیں، گروپ جی میں برازیل نے اپنے پہلے میچ میں سربیا کو 2 گول سے شکست دیکر ایونٹ میں شاندار آغاز کیا ہے۔قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے شروع میں ہی برازیل کی ٹیم نے اپنے حریف کے گول پر تواتر سے حملے کیے لیکن پہلے ہاف میں انہیں کامیابی نہیں مل سکی۔میچ کے دوسرے ہاف میں برازیل کے کھلاڑیوں نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف ٹیم کے گول پر مسلسل حملے کیے۔برازیل کے رچرلیسن نے 62 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی جبکہ رچرلیسن نے ہی 73 ویں منٹ میں ایک اور گول کی برتری کا اضافہ کرکے برازیل کی کامیابی کو یقینی بنایا۔دوسری جانب سربیا کی ٹیم میچ کے دوران بے بس نظر آئی اور کوئی گول نہ کرسکی۔

میچ کے دوران مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے ٹکرانے پر برازیلین کھلاڑی نیمار کے پاؤں میں موچ آئی۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ برازیلین کھلاڑی نیمارکی ایم آرآئی کا ابھی فیصلہ نہیں کیا، تاہم آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں نیمار کی فٹنس کا جائزہ لیں گے۔

Exit mobile version