وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس پہنچ
وزریراعظم شہباز شریف لندن میں 5 روزہ قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔’ریڈیو پاکستان‘ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ وزیر اعظم آج صبح لندن سے پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوئے تھے۔
قبل ازیں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ شہباز شریف 14 نومبر کو (آج) اسلام آباد پہنچیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چند روز قبل لندن گئے تھے اور انہیں 11 نومبر کو واپس پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم طبیعت خرابی کے سبب انہوں نے اپنا قیام دو روز کے لیے بڑھا دیا تھا۔
لندن میں قیام کے دوران انہوں نے نواز شریف سے نئے آرمی چیف کی تعیناتی، اگلے عام انتخابات، پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی ذمہ داری ہے جو آئینی طور پر ہی ادا کی جائے گی اور فیصلہ خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔