عمران خان افواج پاکستان پر اس طرح حملہ آور ہیں جیسے خدانخواستہ دشمن حملہ کردے، وزیراعظم
عمران خان کی جانب سے قاتلانہ حملے کے بعد تین افراد پر الزامات لگانے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دن رات جھوٹ بولنے والا شخص آج وہ افواج پاکستان پر اس طرح حملہ آور ہے کہ جس طرح خدانخواستہ دشمن حملہ کر دے۔
لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہےکہ کل اور پرسوں بدترین قسم کی الزام تراشی کی گئی ہے، ایک مرتبہ پھر جھوٹ اور گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہا گیا کہ اس واقعے کے پیچھے ایک سازش ہوئی ہے جو کہ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک ادارے کے ایک اہم افسر تینوں نے مل کر کی گئی ہے، یہ افسوسناک بات ہے، یہ گھڑی ایسی ہے کہ سخت الفاظ سے پرہیز کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن قوم کو مسلسل آپ اپنے جھوٹ، بدنیتی اور گھٹیا پن سے قوم کو بری طرح تباہی کے کنارے لے جانے کی بہت ہی افسوسناک حرکتیں کررہے ہوں تو میرا بھی فرض ہے کہ وہ پاکستان کو بچانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ الحمد اللہ چار سال کا جمود ٹوٹا، اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے پیش رفت شروع ہو گئی ہے، یہ باتیں پھر کسی اور موقع پر کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ عمران نیازی اور باقی زخمیوں کو صحت اور تندرستی دے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ مسلسل جو جھوٹ بولا جارہا ہے، قوم کے ساتھ فراڈ کیا جارہا ہے، اپنی بدترین اور گھناؤنی سازشوں کی، اداروں کے خلاف بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے متعدد ویڈیو کلپ دکھاتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باوجوہ کے بارے میں عمران خان کیا کہتے تھے؟ آپ سن لیں، اس کے بعد انہوں نے کہا کہ آپ نے دیکھ لیا کہ تضاد بھری ایک داستان ہے، مجھے ایک لمحہ بھی ضائع کرنے کی ضرورت نہیں کہ یہ شخص جس کو اللہ تعالیٰ نے زندگی دی، دن رات جھوٹ بولنے والا شخص آج وہ افواج پاکستان پر اس طرح حملہ آور ہے کہ جس طرح خدانخواستہ دشمن حملہ کر دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف یہ (عمران خان) کہتا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میرے ساتھ کھڑے ہیں، جنرل باجوہ افواج پاکستان کے سپہ سالار ہیں، اس ادارے کے خلاف جو گندی، فاش گالیاں جو سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں، دشمن ملک بھارت کو اور کیا چاہیے، وہ تو آج وہاں پر خوشیاں منا رہے ہیں، بھارت کے ٹی وی چینلز پر کس طرح مسکراہٹیں ان کے چہروں پر ہیں کہ کس طرح عمران خان اپنی آئی ایس آئی اور فوجی ادارے کے خلاف اٹھ کھڑا ہے اور وہ سنگین الزامات لگا رہا ہے کہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ شخص سر سے لے کر پاؤں تک جھوٹ کا مجسمہ ہے، اور بدقسمتی سے پوری کوشش کررہا ہے کہ قوم کو پٹری سے ہٹائے، یہ 22 کروڑ کا ملک ہے، اللہ تعالیٰ اس ملک کی حفاظت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 10 ارب روپے کا پانامہ کا الزام جو مجھ پر لگایا گیا تھا، پانچ سال سے وہ کیس عدالت میں چل رہا ہے، ان کے وکیل پیش نہیں ہوتے اور ہر پیشی پر کوئی بہانہ جبکہ یہ حکومت میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ طیبہ گل کو وزیر اعظم ہاؤس میں حبس بے جا میں رکھا، ان کو بلیک میل کیا اور ان کے ذریعے جاوید اقبال کو بلیک میل کیا تاکہ ہمارے خلاف اور ان کے خلاف جو کیسز تھے وہ بند ہو جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کیس میں عدالت نے مجھے اور ساتھیوں کو کلین چٹ دی، اور لاہور ہائی کورٹ نے اس فیصلے کو برقرار رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ملتان میٹرو میں 17 ملین ڈالر کا الزام لگایا تھا، اس کا آج تک کیا بنا، چین کا ناراض اور بدنام کیا، وہ کیس کہاں گیا؟
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی قوم اور اداروں کو برباد اور تباہ کرنا چاہتا ہے، ملکی معیشت کو تباہ کردیا، خارجی تعلقات تباہ کردیے، خارجی تعلقات کے حوالے سے راز میرے سینے میں دفن ہیں، اگر میں آپ کو بتاؤں تو آپ کے سر چھت کو لگیں گے، میں ایسی کوئی بات نہیں کروں گا۔