پارک روڈ ہائوسنگ سکیم اسلام آباد میں جلد ترقیاتی کام شروع کر دیا جائے گا، سیکرٹری ہاﺅسنگ
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی ( ایف جی ای ایچ اے )کے پراجیکٹ پارک روڈ ہاوسنگ سکیم کے موضع تمہ اور موریاں کے زمینداروں کے ایک وفد نے وفاقی سیکرٹری وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔جس کے دوران شرکاء نے سیکرٹری ہاوسنگ کو جاری منصوبے کے حوالے سے اپنے مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔وفاقی سیکرٹری وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی نے کہا کہ وہ پہلے ہی متعلقہ اداروں کو مسائل اور تحفظات کے حل کے لیے ہدایت کر چکے ہیں اور ان کی خواہش کے مطابق انہیں جگہ دی جائے گی۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے وفد کو بتایا کہ اسکیم کی حالیہ بیلٹنگ کے بعد ایل او پی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور پی سی ون پہلے ہی منظور ہو چکا ہے۔ افتخار علی شلوانی نے مزید کہا کہ مقررہ مدت میں قبضہ الاٹیوں کے حوالے کرنے کے لیے جلد ترقیاتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کل سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔وفد نے سیکرٹری کی کاوشوں کو سراہا اور اسکیم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میںایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طارق رشید اور وزارت اور ایف جی ای ایچ اے کے دیگر حکام نے شرکت کی۔