عظیم کشمیری رہنما سابق صدر ووزیراعظم آزادکشمیر مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ڈاکومنٹری مکمل، ڈاکومنٹری کی تقریب رونمائی دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں سابق وزیر حکومت شمیم علی ملک، ریٹائرڈ سیکرٹری حکومت اکرم سہیل، صدر مرکزی ایوان صحافت سید آفاق حسین، راجہ سجاد لطیف ڈائریکٹرکشمیر لبریشن کمیشن، سابق چیئرمین پریس فائونڈیشن سردار ذوالفقارعلی، معروف سیاسی وسماجی شخصیت جاوید عباسی، سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے زعماء نے شرکت کی۔
ڈاکومنٹری میں 1947میں کشمیر کی آزادی کیلئے مجاہد اول اور اُن کے ساتھیوں کی خدمات کی آڈئیو ویڈیو اور تصاویر سمیت دیگر متعلقہ مواد کو شامل کیا گیا ہے جس میں اُس علاقے کی بزرگ شخصیات کے تاریخی انٹرویوز اور گفتگو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ شمیم علی ملک، سید آفاق حسین، اکرم سہیل، راجہ سجاد لطیف، جاوید عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے بیک وقت وہ خوبیاں موجود تھیں جو بہت کم شخصیات میں پائی جاتی ہیں۔ وہ ایک وقت میں ایک بہترین کمانڈر بہترین حکمران، بہترین سیاستدان، بہترین مصنف ہونے کیساتھ یونیورسٹی کا درجہ رکھتے تھے۔
مقررین نے اڑھائی تین سال کی محنت سے ڈاکومنٹری تیار کرنے پر نعیم عباسی اور اُن کی پوری ٹیم کو مبارکبادی ہے۔ اس موقع پر جاوید عباسی کی سماجی رفاعی اور فلاحی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
مقررین نے کہا کہ مجاہد اول نے 1947ء میں کشمیر کی آزادی کے لیے جس بے سرور سامانی کے عالم میں ڈوگرہ حکومت کے خلاف مسلح جدوجہد کا آغاز کیا اُسی کے نتیجے میں یہ خطہ آزادہوا اور آج ہم آزادی کی سانسیں لے رہے ہیں۔ مجاہد اول نے نہ صرف تحریک آزادی تک ہی اپنا کردار رکھا بلکہ بحیثیت صدر و وزیراعظم آزادکشمیر کی تعمیر وترقی عوامی فلاح وبہبود کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہداول نے مشکل وقت اور حالات میں آزادکشمیر میں تعلیم عام کرنے کیلئے تعلیمی ادارے قائم کیے اسی کی بدولت اس وقت آزادکشمیر کی شرح خواندگی پاکستان کے چاروں صوبوں سے زیادہ ہے اس کا سارا کریڈٹ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کو جاتا ہے۔ مجاہد اول نے کبھی ذات برادری اور علاقے کی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ سب کو ساتھ لیکر چلے اور اُن کی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کیلئے کوششوں میں گزری۔ انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سردار عتیق احمد خان بھی خدمت خلق میں مصروف عمل ہیں۔