یورپی یونین کمیشن کا پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے مزید انسانی امداد کا وعدہ
صدر یورپی یونین کمیشن ارسلا وان ڈیر لیین نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے آئندہ ہفتوں میں مزید انسانی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ارسلا وان ڈیر لیین نے نیویارک میں یونائیٹڈ نیشنل جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 77ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملک میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالی۔تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں 14 جون سے اب تک ایک ہزار 576 افراد جاں بحق اور 3 کروڑ 30 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں، فصلیں، مویشی، پل اور سڑکیں زیر آب آچکے ہیں اور ملک کو تقریباً 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق سیلاب کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ملک کو تباہ کن سیلاب سے نمٹنے میں مدد کے لیے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان 16 کروڑ ڈالر کی ہنگامی اپیل جاری کر چکے ہیں۔
جبکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور اقوام متحدہ آنئدہ ماہ کے اوائل میں مزید فنڈز کے لیے دوبارہ ہنگامی اپیل کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ملاقات کے بعد وان ڈیر لیین نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہم پاکستان کے عوام کی مدد کے لیے آئندہ ہفتوں میں مزید انسانی امداد کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھائیں گے‘۔