وزیرخارجہ کا موسمیاتی آفات پرقابوپانے کیلئے عالمی اتحادو یکجہتی پر زور
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے معیشت، توانائی اور موسمیاتی آفات پر قابو پانے کے لئے عالمی تعاون، اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا ہے۔نیویارک میں نوجوان وزرائے خارجہ کے ایک اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نئی جدید اور موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک ایسا عالمی نظام ترتیب دیا جا سکے جو قدرتی آفات روک سکے
امن و سلامتی کو محفوظ بنائے اور مساوی اور جامع ترقی کو فروغ دے۔وزیر خارجہ نے مستقبل کے ایک عالمی نظام کے لئے چھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا جو سب کے لئے سلامتی، امن اور ہم آہنگی کی ضمانت فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ موثر موسمیاتی اقدامات کے لئے عملدرآمد کے ذرائع میں اضافے خصوصا فنانس اور ٹیکنالوجی کی منتقلی ضروری ہے۔موسمیاتی اقدامات کے لئے مستقبل کے مزید منصوبے بنانے کے لئے گلاسکومیں ہونے والا معاہدہ اس کی بنیاد ثابت ہو سکتا ہے۔