بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کشمیر بھی جنرل اسمبلی میں تقریر کا حصہ ہوگا، شہباز شریف

اقوام متحدہ کے 77 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں موجود وزیراعظم  پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ  عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بہت حوصلہ افزا رہی ہیں۔

نیویارک میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بدترین تباہی آئی ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب سے متعلق پاکستان کا تین بار نام لیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے ساتھ اظہار  یکجہتی کی بات کی ہے، پاکستان کیلئے ممالک کو عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بہت حوصلہ افزا رہی ہیں، کشمیر پر گفتگو بھی ان کی جنرل اسمبلی کی تقریر کا حصہ ہوگی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77 ویں اجلاس کےموقع پر نیویارک میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے  وفود کی سطح پر ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ ارکان کے ہمراہ اسپین کے وزیراعظم، نیوزیلینڈ کی ہم منصب جیسنڈا آرڈن، آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کارل نہامر سے بھی ملاقات کی ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے77 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم امریکی صدر جو بائیڈن سمیت دیگرعالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 23 ستمبرکوہوگا۔

اشتہار
Back to top button