بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سوشل میڈیا پر گرفتاری کی خبریں، جنید صفدر کی وضاحت سامنے آگئی

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے محمد جنید صفدر نے سوشل میڈیا پر اپنی گرفتاری سے متعلق زیر گردش ویڈیوز اور خبروں کی  تردید کردی۔ گزشتہ چند دنوں سے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی کچھ ویڈیوز ٹوئٹر پر  وائرل ہیں جس میں جنید صفدر کو پولیس کی جانب سے پکڑ کر وین میں بٹھایا جارہا ہے۔

 ویڈیو سے متعلق چند صارفین کا دعویٰ تھا کہ جنید کو جعلی ڈگری کے باعث گرفتار کیا گیا تاہم اب جنید صفدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ‘سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز 2018 کی ہیں، یہ وہ وقت تھا جب مجھے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے اکسایا گیا اور اپنا دفاع  کرنے پر گرفتار کیا گیا’۔جنید صفدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘ اُس وقت بھی اسکاٹ لینڈ یارڈ  کی پولیس نے مجھ سے تحقیقات کیں اور مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی’۔

مریم نواز کے بیٹے نے مزید کہا کہ ‘اس جعلی خبر کو پھیلانے والے صحافی نے اپنا ٹوئٹ حذف کر دیا ہے، شائد اس کی وجہ یہ تھی کہ انہیں شرمندگی تھی، لیکن پھر بھی ان کی طرف سے کوئی معافی نامہ یا وضاحت جاری نہیں کی گئی’۔

جنید صفدر نے کہا کہ ‘یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ سوشل میڈیا کو ان دنوں جعلی سیاسی مہم چلانے اور مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، اور جنہیں میری ڈگری میں دلچسپی ہے  وہ میری یونیورسٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں’۔

Back to top button