بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

قوم کو آج 1965 والی جنگ جیسے جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے سدباب کے لیے قوم کو آج 1965 والی جنگ جیسے جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے۔

یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج مسلح افواج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے، ان کےخاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کا دن ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد سے قوم کڑے امتحان میں بھی سرخرو ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفاع وطن ناقابل تسخیر بنانے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی کاوشیں ڈھکی چھپی نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے عالمی دباؤ، تمام پروپیگنڈا کے باوجود جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ کے باوجود جوہری پروگرام کو آگے بڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کے دفاع کے لیے میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دیا۔

وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کے اسٹریٹجک دفاعی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، ان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے پر پاکستانی قوم یک آواز ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پی پی پی وطن کےدفاع کو لازوال بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی اور قائداعظم کے نظریے کی روشنی میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کو مضبوط بنائے گی۔

اشتہار
Back to top button