بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

غیر معمولی صورتحال میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ ہیں، پاک فوج

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان غیر معمولی صورتحال میں ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ ہے۔

نیشنل فلڈ رسپانس سینٹر میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کا ہر سپاہی سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہا ہے اور افواج پاکستان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خراب موسم اور دیگر چیلنجز کے باوجود پاک فوج کے جوانوں نے لوگوں کو ریسکیو کیا، ملک بھر میں آرمی، نیوی اور  فضائیہ کے ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں 50 ہزار سے زائد افراد کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افواج پاکستان غیر معمولی صورتحال میں ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ ہے، ہم اس ناگہانی آفت سے باہر نکل آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوانوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر امدادی کاموں میں حصہ لیا، سیلاب متاثرین کی مدد کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، 6 افسران شہید ہوئے، شہدائے پاکستان ہمارا اثاثہ ہیں، شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے، آرمی چیف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور امدادی کارروائیاں کا جائزہ لیا۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسلح افواج کے جوان ڈیوٹی کو مقدس فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہے ہیں۔

Back to top button