بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف کا سید علی گیلانی کو پہلی برسی پر خراج عقیدت

وزیراعظم شہباز  شریف نے گزشتہ برس قابض انتظامیہ کی حراست میں خالق حقیقی سے جا ملنے والے حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر  انھیں  خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا سیدعلی گیلانی کے لیے بابائےحریت کا خطاب اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے اور  مرد آہن سید علی گیلانی کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

شہباز  شریف کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں تحریک اور مشن کا نام ہے جس کا نعرہ ‘کشمیر بنےگاپاکستان’ ہے، سید علی گیلانی کا جسدخاکی چھین  لینے سے کشمیریوں کی آزادی   کے لیے تڑپ چھینی نہیں جا سکتی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ کا اُن کا نعرہ پوری دنیا میں گونج رہا ہے،  اہل پاکستان اور کشمیری سید علی گیلانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔شہباز شریف نے ان کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ  اللہ تعالی سیدعلی گیلانی سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے اور  تمام وابستگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ 

خیال رہے کہ 92 سالہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا انتقال طویل علالت کے بعد  گزشتہ برس  سری نگر میں ہوا تھا۔سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے، وہ جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے رکن بھی رہے، بعد میں سید علی گیلانی نے تحریکِ حریت کے نام سے اپنی جماعت بنائی، وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی رہے، وہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے سخت مخالف اور مظلوم کشمیریوں کی توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔

اشتہار
Back to top button