گورنر پنجاب نے ایکسپوسینٹر لاہور میں تین روزہ صنعتی نمائش کا افتتاح کر دیا
بزنس ایکسپو جیسی سرگرمیوں کا انعقاد معیشت کے پہیہ کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ محمد بلیغ الرحمن
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ایکسپوسینٹر لاہور میں گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام ایکسپو سینٹر لاہور میں تین روزہ صنعتی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کیلئے صنعت و تجارت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہیں یہ نہ صرف لوگوں کو روزگارفراہم کرتی ہیں بلکہ کنزیومر کو فائدہ دیتی اور ملک میں زرمبادلہ لانے کا باعث بھی بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بزنس ایکسپو جیسی سرگرمیوں کا انعقاد نہ صرف وقت کی اہم ضرورت ہے بلکہ معیشت کے پہیہ کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں بالخصوص گوجرانوالہ کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی مصنوعات باہر بھی متعارف کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم صنعتی اور کاروباری حضرات کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ اس وقت بہت سی نئی پراڈکٹس تیار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ملک میں تیار ہونے والی نئی اشیا کو سپورٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کی نسبت اب معیشت میں بہتری اوراستحکام آنا شروع گیا ہے اور انشاء اللہ اس میں مزید بہتری بھی آئیگی۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وفاقی حکومت نے امپورٹ سے پابندی ہٹادی ہے جس سے کاروباری افراد کو یقینا فائدہ پہنچے گا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے چیمبرز اور صنعت کاروں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں انہیں سپورٹ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے جو معاملات وفاقی اور پنجاب حکومت سے متعلق ہوتے ہیں ان کوریفر کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئینی بحران کو ختم کرنے کے لیے پنجاب کابینہ کا فوری حلف لے کر ہم نے بہتر مثال قائم کی، آگے بھی یہ مثالیں جاری رہیں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ معیشت اور سیاسی استحکام کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا اور بزنس ایکسپو کے نمائش کنندگان اور انتظامیہ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شعیب بٹ بھی اس موقع پرموجود تھے۔