سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں سپورٹس ایونٹس جاری
سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں سپورٹس ایونٹس تیسرے روز بھی جاری رہے، منگل کے روز خواتین کا ہاکی میچ ہوا جبکہ پنجاب سٹیڈیم میں لیزر رن کے مقابلے ہوئے، دونوں ایونٹس کے مہمان خصوصی وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ جشن آزادی کے موقع پر سپورٹس بورڈ پنجاب نے گرائونڈز میں رونقین لگا دی ہیں، سپورٹس ایونٹس میں کھلاڑی قومی جوش و جذبے سے حصہ لے رہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب صوبہ میں سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے، ہمارے کھلاڑی عالمی ٹائیٹل جیت رہے ہیں جس سے امید ہے پاکستان سپورٹس میں بہت زیادہ ترقی کرے گا۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم پچ ٹو میں خواتین کا ہاکی میچ ہوا جس میں پاکستان گرین نے پاکستان وائٹ کو 2-1 سے ہرادیا، مہمان خصوصی وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم نے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور 15،15ہزار روپے نقد انعامات دیئے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر رانا ندیم انجم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، ایڈمنسٹریٹر نیشنل ہاکی سٹیڈیم ناصر ملک، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب محمد حفیظ بھٹی، سحرش گھمن ودیگر بھی موجود تھے۔
پنجاب سٹیڈیم میں لیزر رن کے مقابلوں میں پنجاب گرین نے 4568پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ پنجاب وائٹ نے 3962پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، انڈر 12سبحان ظہور نے 430پوائنٹس حاصل کرکے پہلی، حسین نے 340پوائنٹس لے کر دوسری جبکہ طلحہ نے 312پوائنٹس لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم نے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے۔