اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے نادرہ چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت کے لیے درخواست مسترد کردی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نادرہ چوک، ریڈ زون میں واقع ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کو وہاں جلسے کے اجازت نہیں دی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ریڈ زون میں جلسے جلوس اور کسی قسم کے احتجاج پر دفعہ 144کےتحت پابندی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اعلامیے میں تجویز دی گئی کہ پی ٹی آئی ایف نائن پارک یا ایچ نائن گراؤنڈ کا انتخاب کر کے پر امن احتجاجی جلسہ کرسکتی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ احتجاج اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق میں خلل نہیں ڈالے گا، سرکاری یا نجی املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا اور ایسے کسی نقصان کی صورت میں ذمہ دار منتظمین ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ احتجاج 04 اگست 2022 کو دوپہر ایک بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہ سکتا ہے، منتظمین کا فرض ہے کہ وہ تقریب کے اختتام کے بعد ہجوم کے منتشر ہونے کا عمل یقینی بنائیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ یہ اجازت دھرنے کے لیے نہیں بلکہ صرف عوامی اجتماع کے لیے ہے، منتظمین اس بات کو یقینی بنانے کے پابند ہیں کہ شرکا رات یا آئندہ مزید روز وہاں نہ گزاریں اور آج ہی پرامن طور پر منتشر ہو جائیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جگہ کا انتخاب کر کے انتظامیہ کو مطلع کیا جائے تاکہ سیکیورٹی کے انتظامات کئے جا سکیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 2 صوبائی اسمبلیوں سے قراردادیں منظور کروانے کے بعد ان کے استعفے کے مطالبے کے لیے 4 اگست کو (آج) اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
تاہم گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ حکومت، پی ٹی آئی کے حامیوں کو کل الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی کیونکہ کمیشن کا دفتر ریڈ زون میں آتا ہے۔