عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جھوٹ بولا، جعلی دستاویزات جمع کرائیں،اکبر ایس بابر
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے 11 اکاؤنٹ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اکبر ایس بابر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ یہ اکاؤنٹ اسد قیصر، عمران اسماعیل، شاہ فرمان، نجیب ہارون، ثمر علی خان اور محمود الرشید آپریٹ کرتے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، انصاف ٹرسٹ کے ذریعے بھی پیسہ ٹرانسفر ہوا ہے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان نے حلف میں دعویٰ کیا تھا کہ 1.2 ملین ڈالرز پاکستانیوں سے جمع کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جھوٹ بولا، جعلی دستاویزات جمع کرائیں۔اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک سے جب ریکارڈ سامنے آیا تو یہ ساری چیزیں سامنے آئیں، اسٹوری لکھنے والے کے پاس منی ٹریل ہے، ای میلز موجود ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کے تمام معاملات خفیہ رکھے۔پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف نے بہت بڑے پیمانے پر غیر ملکی فنڈنگ حاصل کی ہے۔