بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان امریکہ ہیلتھ ڈائیلاگ صحت کے شعبے میں وسیع تر تعاون کی شروعات ہے، مسعود خان

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ وزارتی سطح پر ہونے والے پاک امریکہ ہیلتھ ڈائیلاگ علامتی اور ٹھوس اہمیت کا حامل ہےاور اس سے تجارت ،سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں وسیع تر روابط کی راہ ہموار ہوگی۔ پاک امریکہ ہیلتھ ڈائیلاگ ایک ٹرینڈ سیٹٹر (رجحان قائم کرنے والا) ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک امریکہ ہیلتھ ڈائیلاگ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔

سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاسی قیادت کی حمایت سے اس ڈائیلاگ نے ماہرین صحت کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے اور تمام شعبوں میں ہمارے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ایک راہ ہموار کی ہے۔دن بھرجاری رہنے والے اس ڈائیلاگ میں پاکستان سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سنٹر برائے تحفظ امراض) کے قیام، عالمی تحفظ صحت ، بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات، وبائی امراض، ریگولیٹری نظام، ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت اور غیر متعدی امراض پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستانی وفد کی قیادت وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کی جبکہ امریکہ کی جانب سے یو ایس ایڈ کے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر اتل گواندے اور محکمہ خارجہ اور صحت کے اعلیٰ سطحی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سفیر پاکستان نے ہیلتھ ڈائیلاگ کے کامیاب انعقاد پر امریکی انتظامیہ کاشکریہ ادا کیا۔مسعود خان نے پاکستان کو تقریبا 62 ملین کوویڈ ویکسین، 16 ملین بچوں کی ویکسین اور موبائل لیبارٹریز فراہم کرنے پر امریکی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اشتہار
Back to top button