قومی
راولپنڈی میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیر آب،نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند
راولپنڈی میں شدید بارشوں کے باعث شہر کے متعدد علاقے زیر آب آگئے جب کہ نالہ لائی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔شہر میں شدید بارش کے باعث راولپنڈی کینٹ اور چکلالہ کینٹ کے متعدد علاقے زیرآب آگئے جب کہ جان کالونی، اسلم مارکیٹ، ڈھوک سیداں اور گرجا روڈ پر پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
مری روڈ ناز سنیما کے پاس پانی جمع ہونے سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا جب کہ جامع مسجد روڈ اور موچی بازار میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔
اس کے علاوہ بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے سے بے نظیر بھٹو شہید اسپتال کے احاطے میں پانی داخل ہوگیا۔نالہ لئی میں پانی کی سطح 16 فٹ تک بلند ہونے کے بعد انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجانا شروع کردیے جب کہ انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کے لیے فوج کو طلب کرلیا۔