ایک اور بھارتی مسافر طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

 چند روز میں دوسرے بھارتی مسافر طیارے نے کراچی ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) کے ذرائع کے مطابق بھارت کی نجی ائیر لائن کا طیارہ شارجہ سے حیدرآباد  دکن جا رہا تھا کہ اس دوران  طیارے میں تکنیکی خرابی  پیدا ہو گئی جس پر کپتان  نے کراچی ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت  مانگی۔

ذرائع کے مطابق  بھارتی نجی ائیرلائن کے طیارے کے کپتان نے رات 2 بج کر 20 منٹ پر طیارے کو  بحفاظت لینڈ کرایا، فنی خرابی کا شکار ہونے والا بھارتی طیارہ ائیربس 320 ہے جس میں 180 مسافر سوار ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی   بھارت کی ایک نجی ائیر لائن کے طیارے نے تکنیکی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔  ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارتی مسافروں کو کراچی ائیر پورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل  کرکے مسافروں کو ناشتہ بھی فراہم کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سہ پہر 3 بجےتک متبادل طیارے سےمسافروں کو حیدرآباد دکن بھیجا جائے گا۔

Exit mobile version