نیشنل انڈر 19 کپ،تیسرے رائونڈ میں سندھ بلیوز،سینٹرل پنجاب بلیوز،نادرن وائٹس کی کامیابیاں

نیشنل انڈر 19 کپ تیسرے راؤنڈ میں سندھ بلیوز، سینٹرل پنجاب بلیوز، ناردرن وائٹس، بلوچستان بلیوز، خیبرپختونخوا وائٹس اور سدرن پنجاب وائٹس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب بلیوز، سندھ بلیوز اور خیبرپختونخوا وائٹس کی ٹیمیں اب تک ناقابل شکست ہیں۔


رانا نوید اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا وائٹس نے سینٹرل پنجاب وائٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کے ایمل خان اور عباس علی نے بالترتیب 4 اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اوپنر شجاع ظہیر 72 اور شاہ زیب خان ناٹ آؤٹ 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب وائٹس نے سندھ وائٹس کو 78 رنز سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم کے اوپنر حمزہ نواز نے 89، عزیر ممتاز نے 86 اور حسیب ناظم نے ناٹ آؤٹ 73 رنز اسکور کیے۔ سندھ وائٹس کے سعد آصف کی 54 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔نیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سندھ بلیوز نے سدرن پنجاب بلیوز کو 98 رنز سے ہرادیا۔ کپتان سعد بیگ کی 75 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی بدولت 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سعد بیگ کی یہ ٹورنامنٹ کی دوسری سنچری ہے۔


ایوب پارک گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب بلیوز نے خیبرپختونخوا بلیوز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک اسکور سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے عبید شاہد 63 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔کے پی کے حسیب خان نے ناٹ آؤٹ 59 رنز بناکر میچ کو دلچسپ ضرور بنایا تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔


سعید اجمل اکیڈمی فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن وائٹس نے بلوچستان وائٹس کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کے اسپنرز صدیس اور عبدالباسط نے مجموعی طور پر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان بلیوز نے ناردرن بلیوز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے سجاد علی نے 22 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوپنر باسط علی 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ناردرن کے عفان اسحاق کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔

Exit mobile version