دنیا کی کم عمر ترین مصنفہ،نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 5 سالہ بچی اپنی کتاب شائع کرنے والی  دنیا کی سب سے کم عمر مصنفہ بن گئی۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام کے مطابق 5 سال 211 دن کی عمر میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والی بیلا جے ڈارک کتاب شائع کرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر خاتون شخصیت بن گئی ہیں۔

‘The Lost Cat’ کے عنوان سے بیلا کی شائع  ہونے والی کتاب  میں ایک بلی  کی کہانی کو اجاگر کیا گیا ہے جو رات کو اکیلے باہر نکلنے کے بعد کھو جاتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق دی لوسٹ کیٹ 31 جنوری 2022 کو جنجر فائیر پریس نے شائع کی تھی اور اس کے بعد سے اس کتاب کی ایک ہزار سے زیادہ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔

بیلا کا کہنا ہے کہ مجھے  اپنی ایک ڈرائنگ سے دی لوسٹ کیٹ کا خیال آیا۔میں پہلے صرف تصویریں بناتی تھی لیکن پھر میرے والد نے مجھے کہا کہ تم ان تصویروں پر کہانی لکھ کر اپنی ایک کتاب بناسکتی ہو۔تاہم بعد ازاں میں نے اس کو ایک کتاب کی شکل دے دی۔

اطلاعات کے مطابق بیلا کو پوری کہانی لکھنے میں تقریباً 5 دن کا وقت لگا جبکہ کتاب میں بنی ہوئی تمام تصاویر بھی اس نے خود بنائیں۔

بیلا کی والدہ کا کہنا ہے کہ میری بیٹی ہمیشہ سے تصوراتی خیالات کی مالک تھی اور اس نے تین سال کی عمر سے مختصر کہانیاں لکھنا شروع کردی تھیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز  حکام کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے سب سے کم عمر مصنفہ کا ریکارڈ ڈوروتھی اسٹریٹ نامی بچی کے پاس تھا جس کی6 سال  کی عمر میں اگست 1964 میں  کتاب How the World Began شائع ہوئی تھی۔

بیلا کو امید ہے کہ اس کی کتاب بچوں کو یہ سکھائے گی کہ وہ رات کے وقت خود باہر نہ جائیں۔

واضح رہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز  کے اس ٹائٹل میں شامل ہونے کیلئے کتاب کو کسی بھی تجارتی پبلشنگ ہاؤس کی طرف سے شائع کیا جانا چاہیے اور کم از کم ایک ہزار کاپیاں پرنٹ اور فروخت  ہونی چاہییں۔

Exit mobile version